جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری مہربان حسین)جہلم گرمی کی شدت میں اضافے کے بعد بجلی کی اعلانیہ و غیرا علانیہ لوڈ شیڈنگ اور کھانے کے اوقات میں سوئی گیس کی بندش کے باعث صارفین شدید پریشانی میں مبتلا۔ صارفین کا وفاقی وزیر پانی و بجلی سمیت وفاقی وزیر پٹرولیم سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق بھاری بھر کم بلوں کی ادائیگی کے باوجود پچھلے چند روز سے گرمی کی شدت میں اضافے کے بعد وفاقی اداروں جن میں آئیسکو اور سوئی نادرن گیس کے افسران خود تو ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر عیاشیاں کرنے میں مصروف ہیں، تو دوسری جانب جن صارفین کے پیسوں سے مراعات حاصل کرتے ہیں انہیں سخت پریشانیوں میں مبتلا کر رکھا ہے۔ حکمران عوام کو ریلیف دینے کی بجائے غریب سفید پوش طبقے کا خون کا آخری قطرہ نچوڑنے کے لئے طرح طرح کے حربے استعمال کرکے اپنے صارفین کو مشکلات میں مبتلا کئے ہوئے ہیں۔ شہرو ملحقہ آبادیوں میں بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے۔ دوسری جانب شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کرکے نئی بچھائی جانے والی گیس پائپ لائن کے بعد محکمہ سوئی گیس کے متعلقہ افسران صبح، دوپہر، شام کھانے کے اوقات میں سوئی گیس کی بندش کرکے اپنے صارفین کا امتحان لے رہے ہیں۔جس کیوجہ سے بجلی و سوئی گیس کے صارفین میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے صارفین کا کہنا ہے کہ آمدہ انتخابات میں ایسے نمائندوں کا انتخاب کریں گے جو شہریوں کے مسائل کو حل کروانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
0