4 سالہ خود ساختہ جلاوطنی کاٹنے کے بعد 21 اکتوبر کو پاکستان آنے والے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف آج پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور پہنچے۔ مریم نواز بھی اپنے والد کے ہمراہ تھیں۔
اس موقع پر لیگی رہنما بی بی و ڈیری اور ٹکٹ ہولڈر پی پی 170 میاں عمران جاوید کی جانب سے بکرے کا صدقہ دیا گیا۔
ن لیگی قائد نواز شریف تقریبا 4 سال بعد پارٹی آفس پہنچے، تو شہبازشریف سمیت دیگررہنماؤں نے انہیں مبارکباد دی۔
نوازشریف نے ن لیگ کے مرکزی رہنماؤں اسحاق ڈار، خواجہ آصف اور احسن اقبال سے ملاقات کی، اس موقع پر مریم نواز اور مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، پارٹی سیاسی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نوازشریف نے پارٹی سیکرٹریٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور ملازمین سے ملاقات کی، جب کہ سیکرٹریٹ میں اپنے لیے بنائے گئے نئے کمرے کا بھی دورہ کیا۔
اس موقع پر نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے، ترقی کا سفر جہاں سے رکا وہیں سے شروع کریں گے۔
اس دوران میاں محمد نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو الیکشن کی تیاری کرنے کی ہدایت جاری کی۔