0

افغان سرزمین سے فتنہ الخوارج اور دیگر دہشتگرد پاکستان میں دہشتگردی کر رہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد( نیوز ڈیسک )ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے فتنہ الخوارج اور دیگر دہشتگرد پاکستان کی سر زمین پر دہشت گردی کرتے آرہے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف اس حوالے سے واضح موقف رکھتے ہیں، پاکستان اپنے شہریوں کی سلامتی کے لیے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گا، سب جانتے ہیں کہ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کے لیے دل و جان سے کوششیں کیں، افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کا کردار سب سے اہم رہا ہے، کئی ملین افغان باشندوں کی دہائی تک ہم نے میزبانی کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردوں کیخلاف طویل اور مشکل جنگ لڑ رہی ہیں، رواں سال 59 ہزار 775 آپریشنز کیے گئے، خوارج سمیت 925 دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے نیٹ ورک پکڑنے اور دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں اہم کامیابیاں ملیں، ان آپریشنز کے دوران 73 ہائی ویلیو ٹارگٹس یعنی انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ سال 2024 میں انسداد دہشتگردی کے آپریشنز کے دوران 383 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، پوری قوم ان بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت اور سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے ملک کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ ملک کی سلامتی اور امن کے لیے پیش کیا، یہ جنگ آخری دہشتگرد اور خوارج کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
خبر میں مزید تفصیلات شامل کی جارہی ہیں۔
مزیدپڑھیں :نئے اسکولوں کی رجسٹریشن اسکول بسوں کی پالیسی کے ساتھ مشروط

The post افغان سرزمین سے فتنہ الخوارج اور دیگر دہشتگرد پاکستان میں دہشتگردی کر رہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر appeared first on ABN News.