ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے معزز مہمان کو اپنے عملی پالیسی فیصلوں سے آگاہ کیا جن کے تحت پاک فضائیہ کو جدید ترین ٹیکنالوجیز کے حصول اور انفراسٹرکچر کی اپگریڈیشن کے ساتھ ساتھ آپریشنل اور تربیتی شعبوں میں بہتر بنا کر جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔
ایئر چیف نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی روابط پر بھی روشنی ڈالی جو کہ دونوں ممالک کے مابین مضبوط اور بے مثال دوطرفہ تعلقات کا مظہر ہیں۔
انہوں نے دونوں فضائی افواج کے درمیان تعاون اور تربیتی شعبوں میں پہلے سے موجود تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان قائم بھائی چارے کے رشتے کا ذکر کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔
ازبکستان کے سفیر نے پاک فضائیہ کی جانب سے خاص طور پر خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیش رفت کی تعریف کی اور پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
انہوں نے موجودہ دوطرفہ تعلقات کو ہر سطح پر فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
مزید برآں معزز مہمان نے تربیتی شعبے سمیت نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ہوا بازی کی صنعت میں باہمی اشتراک کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں موجودہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ اور ازبکستان کے سفیر کے درمیان یہ ملاقات دونوں ممالک کے مابین لازوال دوستی اور پر امن و مستحکم خطے کے لیے کام کرنے کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔