سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بیان جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے پچھلے کچھ سالوں میں ڈومیسٹک کرکٹ میں بہت محنت کی، اور پی ایس ایل ڈرافٹ سے پہلے نیشنل ٹی 20 کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فرنچائزز کی جانب سے مجھ سے کم کارکردگی والے دوسرے کھلاڑیوں کے انتخاب سے لگتا ہے کہ مجھے باہر رکھنے کی دانستہ کوشش کی جا رہی ہے، لیکن جب سب کچھ پہلے سے طے شدہ ہے تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ ایک اور ڈرافٹ گزر گیا مگر انہیں کسی فرنچائز نے حصہ نہیں بنایا، مجھے پتا ہے کہ کیوں میرا انتخاب نہیں کیا گیا، جلد سب کچھ سامنے لاؤں گا، میں نے کبھی بھی پیسوں کے لیے کرکٹ نہیں کھیلی، بہت سے دیگر کھلاڑیوں نے دنیا بھر میں غیر ملکی کرکٹ کھیلی مگر میں نے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ کیا تاکہ میں اس کھیل سے اپنی محبت کا ثبوت دے سکوں۔
احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ میں اپنی عزت نفس کے لیے پی ایس ایل کو خیر باد کہہ رہا ہوں، ایسا لگتا ہے کہ مجھے پاکستان سپر لیگ سے دور رکھنے کے لیے مشترکہ کوشش کی گئیں اور تمام ٹیمیں اس میں شامل ہیں۔
A heartfelt goodbye! pic.twitter.com/7NdjpCXjeR
— Ahmad Shahzad ?? (@iamAhmadshahzad) December 15, 2023
انہوں نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا رہوں گا، مگر پی ایس ایل نہیں کھیلوں گا، پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ہمیشہ دستیاب ہوں گا، اگر موقع ملا تو پاکستان کے لئے کھیلوں گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے صرف اتنا پتا ہے کہ آج کے زمانے میں محب وطن ہونا آپ کے خلاف جاتا ہے ، میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ میں ہمیشہ اپنی اخلاقی بنیادوں پر قائم رہا ہوں۔
خیال رہے کہ احمد شہزاد نے 2020 میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز کی طرف سے پی ایس ایل میں بلے بازی کی تھی،اس کے بعد سے انہیں دستیابی کے باوجود کسی فرنچائز نے پک نہیں کیا۔
احمد شہزاد اوپننگ بلے باز ہیں، جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف اپریل 2009 میں پاکستان کے لیے ایک روزہ بین الاقوامی اور ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا، وہ 2009 میں آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ بھی تھے۔
احمد شہزاد نے اپنا پہلا ٹیسٹ ڈیبیو 2014 میں سری لنکا کے خلاف کیا جب کہ انہوں نے آخری ٹیسٹ میچ 2017 میں کھیلا، انہوں نے 2009 میں پہلا ون ڈے میچ کھیلا جبکہ 2017 کے بعد سے انہوں نے کوئی ون ڈے میچ نہیں کھیلا، احمد شہزاد نے کا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو 2009 میں ہوا تھا اور آخری ٹی ٹوئنٹی انہوں نے 2019 میں کھیلا تھا، اس کے بعد سے انہیں قومی کرکٹ ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
2014 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں احمد شہزاد بنگلہ دیش کے خلاف 111 رنز کے ساتھ ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے تھے۔