0

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس کا فیصلہ، چیئرمین پی ٹی آئی کا ردعمل سامنے آگیا

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس میں عمران خان سپریم کورٹ کے فیصلے سے مطمئن ہیں سپریم کورٹ سے فیصلے کے بعد اب ماضی کے کیس نہیں کھلیں گے، جیسا کہ پاناما کا کیس ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی سے وکلاء اور فزیو تھراپسٹ نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بیرسٹر علی ظفر، گوہر خان، عمیر نیازی، محمود خان، عمران خان کے فزیو تھراپسٹ ڈاکٹر عاصم یونس اور دیگر شامل تھے۔ وکلاء اور ڈاکٹر چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔

جیل انتظامیہ کے مطابق فزیو تھراپسٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کا طبی معائنہ بھی کیا، فزیو تھراپسٹ عدالتی حکم پرچیئرمین پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کرنے آئے تھے۔

چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد بیرسٹر علی ظفر اور فزیو تھراپسٹ ڈاکڑ عاصم یونس نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا ٹاک کی، ڈاکٹر عاصم یونس نے کہا کہ عمران خان کی نبض، بلڈ پریشر، سیچوریشن لیول، دل کی دھڑکن چیک کی، چیئرمین پی ٹی آئی کو ہاضمے کی کچھ تکلیف محسوس ہوئی ہے جس پر جیل انتظامیہ کو ایک ٹیسٹ کرانے کا کہا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی خوراک میں کچھ فرق تجویز کیا ہے۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ سپریم کورٹ سے فیصلے کے بعد اب ماضی کے کیس نہیں کھلیں گے، جیسے پاناما کا کیس ہے، چیئرمین پی ٹی آئی سپریم کورٹ کے فیصلے سے مطمئن ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے اغواء اور زیر حراست مرد و خواتیں کارکنوں کی قانونی مدد کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ جیل میں سہولیات کے بارے میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میں اور جیل انتظامیہ جانیں، مجھے کوئی فکر نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں