0

خیبر پختونخوا ضمنی بلدیاتی انتخابات: کس نے میدان مار لیا؟ نتائج سامنے آگئے

خیبر پختونخوا کے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا
خیبر پختونخوا کے 21 اضلاع میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) دوسرے اور جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) تیسرے نمبر پر رہی۔

خیبر پختونخوا کے 21 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات ہوئے، الیکشن کمیشن نے 72 میں سے 71 نشستوں کے نتائج جاری کئے جن کے مطابق 40 سیٹوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ 14 نشستوں پر پی ٹی آئی کامیاب ہوئی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق 6 نشستوں پر جے یو آئی ف، 5 پر جماعت اسلامی اور 4 پر عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی ) نے کامیابی سمیٹی۔

ترجمان کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) نے دو جبکہ تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی ) نے ایک سیٹ اپنے نام کیں۔

دوسری جانب غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پشاور کی 6 میں سے 3 نشستیں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے جیت لیں، گھڑی بنات ون، گھڑی فضل خالق اور نودھیہ بالا کی نشست پر تحریک انصاف نے کامیابی حاصل کی۔

ویلج کونسل ریگی یوسفزئی کی نشست پر جمیعت علماء اسلام کے امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ ویلج کونسل معروف زئی کی نسشت عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار نے جیت لی اور گھڑی بنات چار کی نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی سمیٹی۔

سوات کی تین ویلج کونسلز کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ویلج کونسل بریکوٹ میں کسان کونسلر کی نشست پر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے امجدعلی 578 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ویلج کونسل ڈوغلگے مٹہ کی یوتھ کونسلر کی نشست پر جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے عبدالرحمان 649 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

ویلج کونسل قلاگے کی یوتھ کونسلر کی نشست پر آزاد امیدوار شاہد اقبال نے 625 ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی۔

کوہاٹ میں ویلج کونسل کی نشست پر آزاد امیدوار محمد ناصر 1169 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، ویلیج کونسل 13 رحمان آباد میں آزاد امیدوار تنویر انجم نے 571 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔

باجوڑ میں یوتھ کونسلر کی واحد نشست پر آزاد امیدوار اسلام الدین کامیاب ہوگئے، انہوں نے 550 ووٹ حاصل کئے۔

نوشہرہ درشی وارڈ نمبر 2 میں پی ٹی آئی پی کے امیدوار عبد العزیز نے 617 ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی جبکہ جمعیت علماء اسلام ف کے حمایت یافتہ امیدوار مظہر 380 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

نوشہرہ تحصیل جہانگیرہ ایوب آباد وارڈ 9 میں پاکستان مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدوار عالمگیر 575 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں