0

ایک پارٹی لیڈر کو سزا ملنے پر ہمیں کوئی خوشی نہیں: وزیر اعظم

وزیر اعظم میاں شہباز شریف
وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ دور میں پوری اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی ، آج ایک پارٹی لیڈر کو سزا ملنے پر ہمیں کوئی خوشی نہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ صدر مملکت کو آج اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس بھیجوں گا جبکہ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض سے کل ملاقات کروں…

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 11 اپریل 2022 کو معزز اراکین نے مجھے وزیراعظم منتخب کرایا جس پر اراکین کا ہمیشہ شکر گزار رہوں گا، حکومت کے 16 ماہ زندگی کا مشکل ترین امتحان تھا، تنقید کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا اور سبق سیکھا، اکڑ نہیں دکھانی چاہیے اور گردن میں سریا نہیں ہونا چاہیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ صدر مملکت کو آج اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس بھیجوں گا جبکہ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض سے کل ملاقات کروں گا اور نگران وزیر اعظم کے نام پر مشاورت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹے سائفر ڈرامے نے جلتی پر تیل کا کام کیا اور امریکا سے تعلقات کو بری طرح متاثر کیا گیا، چین جیسے دوست ملک کیخلاف بھی بے بنیاد پروپیگنڈا کیا گیا، برادر ممالک کیخلاف جو رویہ رکھا گیا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے باعث 80 ہزار پاکستانیوں نے جام شہادت نوش کیا، دنیا دہشتگردی کیخلاف ہماری قربانیوں کو قابل تحسین کہتی ہے، پاکستان کے مختلف حصوں میں دہشتگرد حملے دوبارہ شروع ہوگئے، 9 مئی کا دن رہتی دنیا تک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھاجائےگا، 9 مئی کو عظیم شہدا اور غازیوں کی بے حرمتی کی گئی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کا پہیہ دیگر صوبوں کے مقابلے پیچھے رہ گیا، بلوچستان کے عوام اور صحافیوں کے اب بھی کچھ گلےہیں، بلوچستان کے جائز مطالبات کو تسلیم کرتا ہوں، 16 ماہ بلوچستان کو وسائل مہیا کرنے کی بھرپور کوشش کی، سیاسی افراتفری، دھرنوں، لانگ مارچ کے باوجود 4 بار گوادر گیا، کچھ مسائل حل ہوگئے جو نہیں ہوئے اس کیلئے مل کر کوشش کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج اپنے قائد نوازشریف کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، بینظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، تمام زعما کا اپنی دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرناچاہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ 13 جماعتی اتحاد کی حکومت پاکستانی تاریخ کا انوکھا واقعہ ہے، حکومت میں ایک رکن سے لے کر 80 ارکان تک والی جماعتیں شامل ہیں، ان سب کی مہربانیوں کو زندگی بھر یاد رکھوں گا، سب کا اپنا مزاج اپنی سوچ ہے لیکن ہم سب پاکستانی ہیں، اتحادیوں نے جس طرح ساتھ دیا ان کو زندگی بھر یاد رکھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ اونچ نیچ آتی رہتی ہے، گھر میں برتن بھی آپس میں ٹکرا جاتے ہیں، جس طرح اتحادیوں نے ساتھ دیا ان سب کو ہمیشہ یاد رکھوں گا، آصف زرداری، فضل الرحمان، بلاول بھٹو، چوہدری شجاعت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، خالد مقبول، ایمل ولی خان، حیدرہوتی، اخترجان مینگل، محمود خان اچکزئی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جوڑے رکھنے میں بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سید نوید قمر بڑے کمال کےآدمی ہیں، بلاول بھٹو سے کہوں گا نویدقمر کو ن لیگ میں بھیج دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں