0

ذاتی مفاد کیلئے اداروں کیخلاف سازش کرنے والوں کو ہر صورت سزا ملنی چاہیے: رانا ثنااللہ

رانا ثنااللہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کہا ہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی کے پرنسپل سیکرٹری کا بیان ان کے خلاف فرد جرم ہے۔ سابق وزیراعظم نے سائفر کو پبلک کرنے کا جرم کیا، ذاتی مفاد کے لیے اداروں کیخلاف سازش کرنے والوں کو ہر صورت سزا ملنی چاہیے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ اس شخص نے ایک طرف ملک کی معیشت کو برباد کیا، بحران کا شکار کیا اور دوسری طرف ملک کے خارجہ تعلقات کو نقصان پہنچایا اور اپنے ذاتی اور سیاسی مفاد کے لیے کھیل کھیلا۔

رانا ثنااللہ نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے سائفر کے نام پر ایک ڈرامہ اور ڈھونگ رچایا اور ایک ایسا جرم کیا جس کی سزا ہر قیمت پر ملنی چاہیے کیونکہ پاکستان کے مفادات کے ساتھ کھیل کھیلنے والے کھلاڑیوں نے خود ہی اعتراف جرم کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سائفر پری پلان ڈرامہ تھا جسے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا: اعظم خان

انہوں نے کہا کہ اعظم خان کا بیان اس کی تصدیق بھی کرتا ہے جنہوں نے بڑی تفصیل سے بتایا کہ کب سیکرٹری وزارت خارجہ ان کے علم میں یہ بات لائے اور کون کون اس میں ملوث تھا، شاہ محمود قریشی بھی مکمل طور پر اس جرم میں شریک ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اعظم خان نے اپنے بیان میں یہ بھی بتایا کہ عمران خان کو یہ کہا گیا کہ اس طرح نہ کریں یہ ایک خفیہ دستاویز ہے جس کو عام کرنا جرم ہے، لیکن انہوں نے اپنے سیاسی مفادات اور اس وقت کی اپوزیشن کے خلاف بیانیہ بنانے کے لیے جان بوجھ کر استعمال کیا۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ اعظم خان نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ عمران خان کے مانگنے پر انہوں نے وہ خفیہ دستاویز انہیں دے دیا اور جب ان سے اگلے روز سائفر کا پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ گم ہوگیا ہے، لہٰذا وہ گم نہیں ہوا لیکن عمران خان کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہی وہ جرم ہے جس پر امریکا میں سابق سابق صدر کے خلاف فرد جرم عائد ہوا ہے، عمران خان کے پاس بھی وہ خفیہ دستاویز موجود ہے جنہوں نے صرف اس کو عام کیا بلکہ اس کو اپنی نجی تحویل میں رکھ کر مسلسل اس جرم کے مرتکب ہو رہے ہیں اور اس وقت تک ہوتے رہیں گے جب تک ان کو اس جرم میں گرفتار کرکے ان سے یہ برآمد نہیں کیا جاتا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ثابت ہونے کے بعد کہ ایک ایسا شخص جو اپنے ذاتی اور سیاسی مفاد کے لیے قومی مفادات کو قربان کر سکتا ہے، ملکی مفاد کو قربان کر سکتا ہے، قومی اداروں کے خلاف سازش کر سکتا ہے، وہ شخص ناکامی کی صورت میں نو مئی جیسے واقعات بھی کر سکتا ہے، مزید کہا کہ اعظم خان کا بیان اس سازش کو جو سائفر سازش کے نام پر عمران خان نے ملک کے خلاف کی، ان کا بیان یہ بھی ثابت کرتا ہے کہ نو مئی بھی اسی کا ہی ایک تسلسل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ یہ جتھا نہ صرف ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث تھا بلکہ ان کے تانے بانے ملک سے باہر بھی تھے اور یہ ایک ایسی سازش میں ملوث تھے جس کی نہ صرف پاکستان میں بلکہ پاکستان سے باہر بھی جڑیں مضبوط ہیں، اس لیے اس جتھے کو قانون کے کٹہرے میں لاکر ان کو بھی سزا ملتی ہے وہ دینا ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں