0

ملک میں مون سون بارشوں سے مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 76 ہو گئی

ملک میں مون سون بارشوں سے مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 76 ہو گئی
ملک بھر میں مون سون بارشوں سے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید نو افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد 25 جون سے اب تک بارشوں سے اموات کی تعدد 76 تک جا پہنچی۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 48، خیبر پختون خوا میں 20 افراد جان سے گئے، 130 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

لاہور کے نشتر ٹاؤن اور شاہدرہ ٹاؤن میں چھتیں گرنے کے واقعات میں 9 افراد زخمی ہو گئے۔

کوہلو میں بارش سے شاہراہ متاثر ہوئی ہے، جس کے باعث کوہلو کا سبی سمیت اندرونِ بلوچستان سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ پنجاب کے شہروں لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں آج بھی تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں حیدر آباد، تھر پارکر، میر پور خاص میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔

کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختون خوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق ژوب، قلعہ سیف اللّٰہ، شیرانی، موسیٰ خیل کے بعض علاقوں میں آج شام بارش کا امکان ہے۔

بولان، لسبیلہ، ڈیرہ بگٹی، سبی، کوہلو اور جھل مگسی میں بھی شام کو بارش ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گذشتہ پندرہ روز میں بارشوں سے جاں بحق ہونے والوں میں31 بچے ،30مرد اور 15 خواتین شامل ہیں ۔ سب سے زیادہ 48 اموات پنجاب میں ہوئیں۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں