0

وزیراعظم کی سوشل میڈیا پر آرمی چیف پر قاتلانہ حملے کی مہم کی مذمت، اداروں کو کارروائی کی ہدایت

شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف اندرون و بیرون ملک قانونی اقدامات کی ہدایت کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کے خلاف مذموم اور بدنیتی پر مبنی مہم میں مصروف ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آرمی چیف کو قاتلانہ حملے کی دھمکی دینے کے لیے پراکسیوں کا استعمال کرنے کی اس کی چال بری طرح بے نقاب ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاستی علامتوں پر اس کے منصوبہ بند حملے ناکام ہونے کے بعد وہ واضح طور پر اقتدار میں واپسی کے لیے شدید بے چین ہے اسے معلوم نہیں کہ اس کی دھمکی، تشدد اور نفرت کی سیاست کا وقت ختم ہو گیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس طرح کی انتہائی قابل مذمت حرکات کے ذریعے وہ صرف اپنے آپ کو بے نقاب کر رہا ہے، جس کا بنیادی مقصد اپنے ذاتی مفاد (اقتدار پر قبضہ) کو باقی تمام چیزوں سے بالاتر رکھنا ہے۔

قبل ازیں دفتر وزیراعظم سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف میڈیا مہم چلانا آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا، یہ صرف سازش ہے جسے پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا مہم کی شدید مذمت کی اور کہا کہ 9 مئی کے یوم سیاہ کے لیے بھی ایسے ہی ذہن سازی کی گئی تھی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور ہینڈلرز کو دوٹوک پیغام ہے کہ پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف ہر سازش کچل دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سازشی ذہن اور عناصر ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے خلاف پھر سے سرگرم عمل ہیں، آرمی چیف اور فوج کے خلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہدا کے خلاف غلیظ سوشل میڈیا مہم چلانے والوں کی نئی میڈیا مہم ایک ہی منصوبے کی کڑی ہے ، قوم اس گھناؤنی سازش کو بھی اسی طرح ناکام بنائے گی جس طرح 9 مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش ناکام بنائی تھی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مایوس عناصر کو بوکھلاہٹ اور مایوسی میں ملک میں نیا بحران پیدا نہیں کرنے دیں گے، قوم اپنی فوج اور اس کے سربراہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں