0

قطر کی جانب سے پاکستان میں سیلاب متاثرین سمیت ہزاروں مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچایا گیا

قطر کی جانب سے پاکستان میں سیلاب متاثرین سمیت ہزاروں مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچایا گیا
قطر کی جانب سے پاکستان میں سیلاب متاثرین سمیت اکیس ہزار دیگر مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچایا گیا۔

قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے خوشیوں اور مشکلات کے دور میں ہمیشہ اپنے پاکستانی بھائیوں کو یاد رکھا ہے، حسب سابق اس عید قربان پر بھی قطر چیرٹی کی جانب سے ملک بھر میں تقریبا اکیس ہزار مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچانے کا انتظام کیا گیا ۔

قطر چیرٹی کے قربانی پراجیکٹ کے زیر انتظام آزاد کشمیر کے اضلاع مظفر آباد اور باغ جبکہ پنجاب میں شجاع آباد، اوکاڑہ اور خوشاب میں فی کس چارکلو گرام کے حساب سے قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا۔

قربانی پراجیکٹ میں تین ہزار گائے قربان کی گئیں اور جن میں چوبیس سو آزاد کشمیر جبکہ چھ سو پنجاب کے اضلاع میں قربان کی گئیں۔

اس موقع پر عوام کا کہنا تھا کہ اس دور میں جب قربانی کرنا بس میں نہیں رہا قطر چیرٹی مختلف علاقوں میں مساکین، مستحقین، یتیموں اور بیواوں تک قربانی کا گوشت پہنچا کر ایک عظیم انسانی خدمت کررہے ہیں، ہم قطر چیرٹی کے شکر گزار ہیں کہ انھوں نے عید کی خوشیوں میں نادار بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھا اور یہ امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی اس سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔۔

قطر چیرٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ اس سال نا صرف عمومی طور پر معاشی طور پر مشکلات کے شکار طبقہ تک قربانی کا گوشت پہنچایا گیا بلکہ گزشتہ سال آنے والے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو بھی بالخصوص اہمیت دی گئی تاکہ وہ بھی عید قربان کی ان خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں