0

آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں: وزیر اعظم

شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اور غریب اور متوسط طبقے کی مالی مشکلات میں کمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مالی سال 2023-24 کے بجٹ کی تیاری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منگل کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں معاشی ٹیم کی جانب سے وزیراعظم کو بجٹ کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

بیان کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی بروقت حکمت عملی سے یوریا کھاد کی قیمتیں مسلسل کم ہو رہی ہیں، گزشتہ دو مہینوں میں کئی سال بعد کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل کیا گیا۔

وزیر اعظم نے ہدایت جاری کی ہے کہ پینشن ریفارمز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے، تخلیقی طریقہ کار اپناتے ہوئے پنشن فنڈ قائم کیا جائے تا کہ قومی خزانہ پر بوجھ کم کیا جا سکے اور پنشنرز کی بہترین فلاح و بہبود ممکن بنائی جا سکے۔