0

جہلم عید الفطر کی آمد سے قبل، شہرسمیت ضلع بھر میں بھکا ریوں کے جتھے حملہ آور ہو گئے

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم عید الفطر کی آمد سے قبل، شہرسمیت ضلع بھر میں بھکا ریوں کے جتھے حملہ آور ہو گئے، شہری سخت ذہنی اذیت کا شکار، قانون نافذ کرنے والے ذمہ داران نے پر اسرار خاموشی اختیار کر لی۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک جیسے جیسے اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے ویسے ہی شہر سمیت ضلع بھرمیں بھکاری خیمہ بستیاں بھی تیزی کے ساتھ آباد ہونا شروع ہو چکی ہیں جبکہ ہرگز رنے والے دن کیسا تھ بھکاریوں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ ہو جانے کیوجہ سے شہریوں اور تاجروں کی زندگیاں بھی عذاب بن رہی ہیں۔ بھیک مانگنے کے لئے بھکا ریوں کے گروہ طلوعِ آفتاب کے وقت شہر اور دیہی علاقوں کا رخ کرتے ہیں اور بھیک مانگنے کا عمل رات گئے تک جاری رہتا ہے۔ شہر اور گردو نواح میں جب بھی بھکاری خیمہ زن ہوتے ہیں تو چوری چکاری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔ بھکاریوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں، بھکاری بچے اور خواتین بازاروں، پلازوں، شاپنگ سنٹرز اور پبلک مقامات کے باہر کھڑے ہو کر شہریوں کی گاڑیوں، رکشاؤں اور موٹر سائیکلوں سے قیمتی سامان، سبزی، فروٹ اور گوشت چوری کرنے میں بھی ملوث ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ تمام حالات کا علم ہونے کے باوجود قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذمہ داران مسلسل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے مطالبہ کیاہے کہ بھکاریوں کو گدا گری ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے مقدمات درج کئے جائیں تاکہ شہر میں امن و امان قائم ہو سکے۔