0

ایک سیاستدان جیل سے نکلنے اور دوسرا جیل سے بچنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے: بلاول

بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم الیکشن سے ڈرنے والے نہیں، مقابلہ کرنے والے ہیں، آج بھی کچھ لوگ کسی کے کندھے پر بیٹھ کرسیاست کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہم وہ نہیں جو ڈیل کرتے ہیں وہ نہیں جو مخالفین کے کاغذات چھینتے ہیں۔ ایک سیاستدان جیل سے نکلنے اور دوسرا جیل…

گڑھی خدا بخش میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی برسی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کچھ قوتوں نے سوچا کہ بے نظیر کو ختم کرکے پیپلز پارٹی کو ختم کردیا جائے گا مگر ایسا نہ ہوسکا اور پیپلز پارٹی آج بھی قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن لڑنا جانتے ہیں اور آج بھی تیار ہیں یہ ہمارا ہی مطالبہ تھا کہ الیکشن کرو، ہم چاہتے ہیں الیکشن ہوں تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم الیکشن سے بھاگنے والوں میں سے نہیں، ہم ان میں سے نہیں جو الیکشن کی تاریخ آگے بڑھاتے ہیں اور کاغذات نامزدگی چھین کر بھاگتے ہیں اس بار بھی ہم ڈٹ کر لڑیں گے اور جتیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بقیہ سیاسی جماعتوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ آئیں اور الیکشن لڑیں، کچھ جماعتیں آج بھی کسی اور کے کندھوں پر سیاست کررہی ہیں، پرانے سیاست دان پرانی سیاست کررہے ہیں مگر ہم نفرت کی پرانی سیاست کو دفن کریں گے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت بنی تو غریبوں کے لیے 300 یونٹ تک بجلی مفت فراہم کریں گے، بر بچے کو تعلیم تک رسائی حاصل ہوگی، پانچ سالہ دور میں تنخواہوں کو دگنا کرنا ترجیح ہوگی، غریبوں کو تیس لاکھ گھر بناکر دیں گے، یوتھ کارڈ کے ذریعے نوجوانوں کو ایک سال تک مالی امداد دیں گے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پورے ملک میں صحت کا مفت نظام متعارف کرائیں گے۔ ہر ضلع میں گرین انرجی کے نام پر پارک کھولیں گے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرح کسان کارڈ بھی لائیں گے۔

اس موقع پر چیئرمین پی پی پی نے بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس پروگرام کے لیے ذریعے ہم غربت اور بے روزگاری کا مقابلہ کریں گے، ہم تین نسلوں سے غربت اور بے روزگاری کا مقابلہ کرتے چلے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 18 ماہ کی حکومت میں ہم نے اتحادیوں کی دہشت گردی سے نمٹںے، معیشت، جمہوریت اور خارجہ امور میں دلچسپی نہیں دیکھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں