0

موٹروے پولیس نے ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کردی

موٹروے پولیس
موٹر وے پولیس نے ایمانداری کی مثال قائم کردی، پردیس سے لوٹنے والے پاکستانی مسافر کا لاکھوں روپے کا گمشدہ سامان تلاش کر کے مسافر کے حوالے کردیا۔

تفصیلات کے مطابق دو روز قبل ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والا پاکستانی مسافر جو کہ ذریعہ معاش کی کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم تھا چھٹیاں گزارنے پاکستان آئے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ سے اپنے آبائی علاقہ بذریعہ موٹروے ایم 14 سفر کا اغاز کیا لیکن راستے میں اس کا ایک بیگ موٹروے پر گر گیا جس میں کل ملا کر 04 لاکھ روپے کا سامان موجود تھا۔ سامان میں قیمتی گھڑیاں، کاسمیٹکس اور الیکٹرانک سامان شامل تھے۔

دوران پیٹرولنگ موٹروے پولیس کی ٹیم کو یہ گمشدہ بیگ ملا۔ موٹروے پولیس کی جانب سے انتظار کیا گیا کہ کوئی شخص بیگ سے متعلق رابطہ کرے لیکن کسی شخص نے رابطہ نہیں کیا۔ اس صورتحال میں موٹروے پولیس نے دیگر ذرائع جن میں خصوصی طور پر سوشل میڈیا شامل ہے بروئے کار لاتے ہوئے بیگ کی گمشدگی کی اطلاع زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائی۔

یہ ترکیب کارگر ثابت ہوئی اور مسافر نے گمشدہ بیگ سے متعلق موٹروے پولیس سے رابطہ کیا۔ مسافر کے سفری دستاویزات اور بیگ پر موجود سٹیکرز سے گمشدہ بیگ کے مالک کی تصدیق ہو گئی اور گمشدہ بیگ مالک کے حوالے کر دیا گیا ۔ موٹروے پولیس کی اس کاوش کو سراتے ہوئے بیگ کے مالک نے موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں