0

عوام کو مہنگائی اور غربت سے نجات دلانا ہماری ذمے داری ہے: نواز شریف

نواز شریف
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ عوام کو مہنگائی، غربت سے نجات دلانا ہماری ذمے داری اور فرض ہے، اگر لوگ ترقی مانگتے ہیں، تعلیم اور صحت مانگتے ہیں تو یہ ان کا حق ہے، سہولتیں فراہم کرنا ریاست کی ذمے داری ہے۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہم پاکستان کی معاشی مشکلات کو سمجھتے ہیں، آپ سے ہمیشہ مشاورت کی ہے اور مشاورت سے ہی آگے بڑھیں گے، ہماری بنائی پالیسیوں سے پاکستان کی کاروباری برادری نے بھرپور عمل کیا، ہماری بنائی پالیسیوں کو بھارت نے اپنایا اور معاشی ترقی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ 2013 سے 2017 کے دوران پاکستان دنیا کی چوبیسویں معیشت بن چکا تھا، ہم نے 4 سال ڈالر کو 104 پر باندھ کر رکھا، اگر ہمارے دور کی ترقی اور پالیسی جاری رہتی تو ڈالر آج 40 یا 50 روپے کا ہوتا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 1998 میں ایٹمی دھماکے کیے تو اسلامی ممالک پاکستان کو اپنا رکھوالا سمجھنے لگے تھے، آج یہ حالات ہوگئے کہ ایک ایک ارب ڈالر کے لیے محتاج ہوگئے ہیں، یہ کلہاڑی ہم نے خود اپنے پیروں پر ماری ہے اور یہ برے حالات ہمارے اپنے فیصلوں کی وجہ سے پیدا ہوئے۔

لیگی قائد نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں سوا 6 فیصد پالیسی ریٹ تھا، آج 22 فیصد پر ہے، 22 فیصد پالیسی ریٹ سے کون کاروبار کر سکتا ہے، ہم نے خود اپنی پارلیمنٹ اور وزرائے اعظم کے ساتھ زیادتیاں کیں اور پھر ملک کس کے حوالے کر دیا گیا، روپیہ، معیشت اور سب نظام تباہی کا شکار ہوگیا۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں